Al-Risala · August 2021 · page 57

مولانا کی آئیڈیالوجی

الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۵۷

اس کے بعد بھی وقتاً فوقتاً سے رابطہ رہا۔ اور ذہن میں جو سوالات ہوتے ان کا تسلی بخش جواب ملتا۔ یہ کہنا درست ہوگا کہ وہ میرے استاد کی حیثیت رکھتے تھے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔ مولانا صاحب 2000ء میں برمنگھم انگلینڈ تشریف لائے، ان کے پروگرام کا اہتمام ریکس سینٹر (Rex Centre) میں کیا گیا تھا۔ یہ بلڈنگ میں نے 1998 میں اپنی کمپنی ڈومیسٹکس (Domestiks) کے کاروبار کے لیے خریدی تھی۔ انھوں نے اس وقت یہ دعا کی تھی کہ یا اللہ اس بلڈنگ کو اسلامک سنٹر بنا دے۔ ان کی دعائیں اللہ رب العزت قبول فرماتے ۔ آج اس بلڈنگ کا نام دی یونیٹی سینٹر (The Unity Centre) ہے، اس کی دوسری منزل پر مسجد ہے۔ پہلی منزل پر اسلامک ایکسی بیشن (Islamic Exhibition) اور گراؤنڈ منزل پر اسلامک سٹور اور آئی پی سی اسلامک ویژن (IPC-Islamic Vision) کی کتب کا سٹور ہے۔ یہاں سے گڈ ورڈ بکس (Goodword Books) کی کتابیں اور اسلام سے متعلق مطبوعات پورے برطانیہ اور دیگر ممالک کو فراہم کی جاتی ہیں۔ میں نے جانا کہ مولانا صاحب بولتے کم اور سنتے زیادہ تھے۔ وہ ہر شخص سے سوالات کرتے، وہ دیکھتے کہ ہر شخص ایک کتاب ہے۔ اور ہر شخص کی ایک منفرد داستان ہے۔ وہ گفتگو کے دوران ایسے کمیاب موتی تلاش کر لیتے جو دوسروں کے لیے سبق آموز ہوں اور جنھیں شیئر کیا جا سکے ۔

وہ ہر واقعہ سے ایک سبق آموز پہلو نکال لینے کی انوکھی صلاحیت رکھتے تھے، پھر وہ اس کو آخرت سے جوڑ دیتے جو ایمان میں اضافہ اور تقویت کا سبب بنتا۔ مولانا صاحب کی یہ انمول اور نایاب صلاحیت یقیناً خدا داد تھی ۔ وہ ہر لحاظ سے ایک گفٹڈ (gifted) شخصیت تھے۔ ان کے ساتھ بیٹھ کر ایمان میں اضافہ ہوتا اور ان کو دیکھ کر اللہ تعالیٰ کی یاد تازہ ہوتی تھی۔ میں اپنے آپ کو بہت خوش نصیب تصور کرتا ہوں یہ سوچ کر کہ اس ناچیز کو مولانا صاحب کے ساتھ ایک خاص تعلق رہا۔ اور ان کے ساتھ وقت گزار کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ بہر حال یہ دنیا تو فانی ہے، ہر ایک کو جلد یا بدیر یہاں سے کوچ کر جانا ہے۔ IPCI سینٹر کے سب لوگ ان کو بہت یاد کرتے ہیں، ان کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آخرت میں، ہمیں جنت میں ان کے ساتھ مجالس میں شریک ہونے کا شرف فرمائے، آمین۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues

Printed page