وحید الدین خان کی رحلت
الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۶۵
ماہر اور انتہائی وسیع المطالعہ شخص تھے۔ علوم اسلامی کے ماخذوں تک ان کی براہ راست رسائی تھی۔ کسی بھی علم و فن کے ثانوی مصادر کے علاوہ بنیادی ماخذ بھی ان کے علم کی زد میں تھے۔ اس تمام مطالعے کو وہ انتہائی گہرے غور و فکر کے ساتھ اپنے ذہن کا حصہ بناتے، اس کا تجزیہ و تحلیل کرتے اور اس سے نتائج اخذ کر کے وہ اپنے حالات کے لحاظ سے ان نتائج کا اطلاق کرتے تھے۔ ان سب چیزوں کے ساتھ ان کا قلم انتہائی تیز رفتار اور ان کا اسلوب تحریر اتنا ہی مؤثر بھی تھا۔ انھوں نے انتہائی متنوع موضوعات پر تقریبا پون صدی تک مسلسل لکھا۔ اس عرصہ میں انھوں نے دو سو کے قریب کتابیں تصنیف کیں اور پچاس سال تک ایک ایسار سالہ نکالا جس کی تمام تحریریں انہی کی لکھی ہوئی تھیں ۔ اپنی زندگی کی آخری ربع صدی میں انھیں اپنے کاموں کے ابلاغ کے لیے ایک بہت مؤثر ٹیم بھی مل گئی تھی اور ساتھ میں انٹرنیٹ کی ایجاد نے ان کے تمام مواد کو دنیا بھر کی دسترس میں پہنچا دیا تھا۔ وہ واحد مسلم رہنما اور عالم تھے جنھوں نے سات عشروں تک مسلسل لکھا اور جن کے افکار سے تین نسلیں ان کی زندگی ہی میں متعارف ہو گئیں۔ جن کا رسالہ اور کتابیں اردو، انگریزی، عربی اور دیگر زبانوں میں ترجمہ ہو کر ربع صدی سے انٹرنیٹ پر بلا معاوضہ اور با آسانی دستیاب ہیں اور اس کے نتیجے میں ان کے افکار کو پڑھنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں۔ جنھوں نے سیکڑوں ملکی اور بین الاقوامی سفر کر کے ہر طرح کی کانفرنسوں، مجالس اور اجتماعات میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کے ہر گروہ کے ساتھ مکالمہ اور گفتگو کی ۔ ان کی کتابوں اور خاص کر ترجمہ قرآن کا درجنوں زبانوں میں ترجمہ ہو کر دنیا بھر کے غیر مسلموں میں پھیل چکا ہے۔
مولانا نے اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق کی منادی، الحاد کے مقابلے میں اسلام کے استدلال، آخرت کی یاد دہانی، مثبت اندازِ فکر اور کردار سازی جیسے بنیادی کام اُس اعلیٰ سطح پر کیے جس کی دوسری نظیر اس دور میں ڈھونڈنا آسان نہیں۔ جس شخص کے کام اس درجہ میں پھیلے ہوئے ہوں، اس سے کوئی اختلاف کرے یا اتفاق، وہ بلاشبہ مسلمانوں کی تاریخ کے بڑے لوگوں میں سے ایک میں شامل کیے جانے کے قابل ہے۔ اور جس شخص کا کام اس سطح کا ہو، اس پر نہ ایک نشست میں بات ہو سکتی ہے اور نہ ایک مضمون اس کے لیے کافی ہو سکتا ہے۔ (بشکریہ ماہنامہ انذار، کراچی)
‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues