وحید الدین خان کی رحلت
الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۷۲
اپنے آپ کو دریافت کرے۔ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے زندگی میں ایسے چند بزرگ ملے جنھوں نے اپنے حسن نظر سے میرے اندر بڑا آدمی بننے کا امکان دیکھا اور میرے دل میں اس کا شوق پیدا کیا۔ ایاز اپنے سلسلے میں کبھی کسی خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہوا، لیکن ان بزرگوں کی خوبصورت توقعات اس کی زندگی کے لیے زادِ راہ ضرور بنی رہیں۔
جب میں نے روزگار کے لیے دبئی جانے کا پروگرام بنایا، تو اپنی اہلیہ کے ساتھ ان سے ملنے گیا۔ اتوار کے دن ان کا پروگرام ہوتا تھا۔ ہم کچھ تاخیر سے پہنچے۔ پروگرام کے بعد قریب جا کر ملاقات کی، اہلیہ کا تعارف کرایا۔ انھوں نے کہا سنا ہے تم دبئی جا رہے ہو، آخر اس قبرستان میں دفن ہونے کہاں جا رہے ہو۔ میں نے کہا، ان شاء اللہ، جلد واپس آ جاؤں گا، مایوسی سے مجھے دیکھا اور کہنے لگے قبرستان سے کبھی کوئی واپس آیا ہے۔
پھر پوچھا تم تاخیر سے کیوں پہنچے۔ میں نے بہانہ بنایا آٹو ملنے میں دیر ہو گئی تھی۔ کہنے لگے تم دبئی جا رہے ہو، وہاں یہ بہانہ کام نہیں آئے گا۔ وہاں تمھاری وقت کی پابندی کو دیکھ کر تمھاری کارکردگی ناپی جائے گی، خواہ عملاً کارکردگی کچھ نہ ہو۔ دبئی گیا تو مولانا کی بات کو حرف بہ حرف درست پایا۔ مولانا نے ہم دونوں کو ایک نصیحت کی کہ ہمیشہ ایک دوسرے کو اپنا آئیڈیل سمجھنا، تمھارے رشتے خوش گوار رہیں گے، میری بیوی اس مشورے پر ابھی تک سختی سے عمل پیرا ہے۔
دو سال میں دبئی سے واپس ہو جانے کا ارادہ تھا، مگر قبرستان کی خاردار سنہری جھاڑیاں بری طرح جکڑے ہوئے تھیں اور کسی طرح نکلنے نہیں دے رہی تھیں، آخر کار آٹھ سال بعد لوٹا۔ مولانا کی خدمت میں پہنچا۔ سو چا شاید مولانا مجھے بھول گئے ہوں گے۔ نام بتایا کہنے لگے تمھارا نام میرے دل پر پتھر کی طرح نقش ہے۔ میں نے کہا قبرستان سے لوٹ آیا ہوں ۔ مولانا نے حسب معمول پوچھا اپنی تازہ دریافت پیش کرو۔ اس مرتبہ میں پہلے سے سوچ کر آیا تھا جھٹ سے بتادی، پھر مولانا نے سورہ فاتحہ کے مضامین پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی دریافتیں بتائیں۔
دیر تک گفتگو رہی، مجلس میں برادرِ محترم ابوالاعلیٰ سید اور مولانا صباح الدین ملک صاحب بھی شامل تھے۔ مولانا نے بتایا کہ انھوں نے طے کر لیا ہے کہ اب وہ صرف انگریزی میں لکھیں گے۔ اس میں وہ زیادہ خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ ان کو قارئین کی نئی دنیا ملی ہے۔ میں ڈر رہا تھا کہیں مولانا یہ نہ پوچھ
‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues