Al-Risala · August 2021 · page 80

حیدر میواتی ندوی

الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۸۰

وہاں جو کچھ تم چاہو گے تمہیں ملے گا اور ہر چیز جس کی تم تمنا کرو گے وہ تمہاری ہوگی۔ (41:31) وہاں موجود ہے گی ہر وہ چیز جو من کو بھاتی ہواور نگاہوں کو لذت دینے والی ہو۔ (71:43) یہ سن کر مولانا نے کہا کہ آپ نے بالکل صحیح ریفرنس دیا ہے اور پھر اسی وقت مولانا نے میرے سر پر اپنے دونوں ہاتھ رکھ کر فرمایا کہ آپ کے لیے ایک بوڑھے آدمی کی یہ نصیحت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو انٹلیکچولس میں دعوتی کام کرنے کے لیے پیدا کیا ہے، آپ اپنے وقت کو ضائع کیے بغیر خوب انگریزی لٹریچر کا مطالعہ کریں تا کہ ملا قوم میں دعوتی کام کرنے کے قابل بن سکیں۔ مجھے یہ بات سن کر بہت ہمت ملی کہ مجھ میں بھی انٹلیکچولس میں دعوتی کام کرنے کا کچھ پوٹینشل موجود ہے۔ اب تک کسی نے بھی میرے بارے میں ایسی بات نہیں کہی تھی۔ اسی وقت سے میرے ذہن میں ایک پروسس جاری ہو گیا کہ میں بھی مدعو کی نسبت سے دعوت کے لور وزن اور ہائیر وزن کو جاننے کی کوشش کروں۔ اسی تجسس نے مجھے مولانا تک پہنچایا۔

مولانا سے میری دوسری ملاقات 2009ء میں نظام الدین ویسٹ (نئی دہلی) میں ان کے آفس میں ہوئی۔ میں اس وقت دہلی میں منعقد ایک دعوتی کیمپ میں بحیثیت محاضر شریک تھا۔ اس زمانے میں اس قسم کے دعوتی کیمپ ہندوستان بھر میں منعقد ہوتے رہتے تھے جن میں میرے درس کا موضوع العقیدة في اللہ ہوا کرتا تھا یعنی اللہ کے بارے میں ہمارا عقیدہ کیا ہونا چاہیے، اور پھر یہ کہ دعوت الی اللہ کا منہج کیا ہونا چاہیے۔ مگر میں خود ایک عرصے سے اس بات کو لے کر پریشان رہتا تھا کہ اللہ کی صحیح معرفت کیا ہے، ازدیاد ایمان اور خدا سے زندہ تعلق پیدا کرنے کا راستہ کیا ہے۔ میں اپنے اندر خدا کے زندہ شعور کی بہت زیادہ کمی محسوس کرتا تھا۔ میری فطرت کی گہرائیوں سے کچھ بنیادی سوالات اٹھتے تھے، جن کا جواب پانے کے لیے مجھے کسی کی تلاش تھی۔ چونکہ مادر علمی جامعہ دارالسلام عمر آباد نے اپنے ابناء کی یہ تربیت کی تھی کہ ہر مکتب فکر کے علماء سے استفادہ کے لیے آدمی کو اپنا ذہن کھلا رکھنا چاہیے۔ لہٰذا اس سفر میں میرے اندر مولانا وحید الدین خاں صاحب سے بھی ملاقات کا عزم پیدا ہوا اور ارادہ ہوا کہ میں آپ کے سامنے اپنے ان فطری سوالات کو پیش کروں، شاید کوئی جواب مل جائے۔ ملاقات کے بعد میں نے آپ کے سامنے اپنی جستجو رکھی اور میں نے کہا کہ اس باب میں آپ میری رہنمائی فرمائیں اور ساتھ میں یہ بھی بتائیں کہ میں اس موضوع پر کس طرح تیاری کروں۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues

Printed page