Al-Risala · August 2021 · page 142

Twitter.com/narendramodi, 22 April, 2021

الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۱۴۲

مولانا صاحب کا مقصد اسلام اور دیگر مذاہب میں ہم آہنگی پیدا کرنا، اسلام کے متعلق غیرمسلموں کی غلط فہمیاں دور کرنا، صبر کی تعلیم کو عام کرنا اور دعوت دین تھا۔ سال 2000ء میں بھارتی حکومت کی جانب سے مولانا کو ان کی علمی خدمات کے باعث ملک کا تیسرا بڑا شہری اعزاز ’’پدم بھوشن‘‘ دیا گیا جب کہ جنوری 2021ء میں مولانا صاحب کو ہندوستان کے دوسرے اعلیٰ شہری اعزاز ’’پدم وبھوشن‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ اس کے علاوہ بھی مولانا صاحب کئی قومی و بین الاقوامی ایوارڈز سے سرفراز ہو چکے تھے۔

مولانا وحیدالدین ایک صوفی مزاج طبیعت کے مالک، ایک روایتی شخص کی مانند تھے لیکن ان کے خیالات جدید تھے۔ انتہا پسندی اور مقدس صحیفوں کی قدامت پسند ترجمانی کے خلاف تھے۔ اپنے مذہبی اور روحانی خیالات کا مکمل اظہار کرنے کے لیے مولانا صاحب نے 1970ء میں دہلی میں اسلامک سینٹر قائم کیا۔ اس کے بعد سال 1976ء میں مولانا صاحب نے ماہانہ رسالہ ’’الرسالہ‘‘ کی اشاعت کا آغاز کیا۔ ’’الرسالہ‘‘ مولانا صاحب کے اپنے مضامین پر مشتمل تھا جو کہ اپنی اشاعت کے بعد اُردو زبان کی دنیا میں تیزی سے مقبول ہو گیا۔ مولانا صاحب کے مضامین کا مقصد لوگوں کو اسلام کا پرامن چہرہ سمجھانے، مسلمانوں میں اپنی معاشرتی ذمہ داریوں سے آگاہی، مثبت سوچ اور مثبت عمل کو فروغ دینے پر مشتمل تھا۔

مولانا وحیدالدین نے اسلام اور مسلمانوں سے متعلق تقریباً 200 کتابیں لکھی ہیں۔ ان کے نظریاتی اور سیاسی خیالات سے اختلاف رکھنے والے بھی ان کی علمی فضیلت کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے رہے ہیں۔ مولانا صاحب کی لکھی ہوئی ایک کتاب ’’مذہب اور جدید چیلنج‘‘ پانچ عرب ممالک قطر، مصر، لیبیا، سوڈان اور تیونس کی جامعات میں تعلیمی نصاب کا حصہ ہے۔ دیگر اہم تصانیف میں سے نئے عہد کے دروازہ پر، تعبیر کی غلطی، الاسلام، مذہب اور سائنس، پیغمبرِ انقلاب، عقلیات اسلام، قرآن کا مطلوب انسان، سوشلزم اور اسلام، اسلام اور عصر حاضر، تذکیر القرآن، حقیقتِ حج، اللہ اکبر، زلزلہ، قیامت، خاتون اسلام، رازِ حیات، اسلام دورِ جدید کا خالق، سفرنامہ اسپین و فلسطین، فکرِ اسلامی، مطالعہ سیرت، مطالعہ قرآن، مسائل اجتہاد، مطالعہ حدیث اور اظہارِ دین شامل ہیں۔ ان کے علاوہ انگریزی زبان میں بھی کئی اسلامی کتابیں ہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues

Printed page