Al-Risala · August 2021 · page 225

مولانا وحیدالدین خان اپنی تحریر کے آئینے میں

الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۲۲۵

اس دنیا میں کامیاب انسان وہ ہے جو حقیقی یقین پر کھڑا ہو سکے مگر مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آج کی دنیا میں چند خوش نصیب روحوں کے سوا کسی کو بھی حقیقی یقین کا سرمایہ حاصل نہیں۔ انسان دل کی راہ سے خدا کو پاتا ہے اور یقین کی آنکھ سے اس کو دیکھتا ہے۔ سب سے بڑی حقیقت اللہ رب العالمین ہے۔ اس ذات کو پالینا ہی آدمی کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ موجودہ دنیا میں آدمی جہاں اپنے رب کو پاتا ہے وہ سجدہ ہے۔ مگر سجدہ حقیقی معنوں میں سجدہ اس وقت بنتا ہے جب کہ سجدہ سے باہر کی دنیا میں آدمی تواضع اور جھکاؤ کی زندگی اختیار کر چکا ہو۔ ایسا شخص اپنی نفسی حالت کے اعتبار سے اس قابل ہو جاتا ہے کہ وہ خدا کی تجلیات کا آخذ (recipient) بن سکے۔ اس کے لیے سجدہ حقیقی معنوں میں رب العالمین سے ملاقات کا مقام بن جاتا ہے۔ اس کے برعکس، جو شخص سجدہ سے باہر کی زندگی میں خود پسند اور متکبر بنا رہے، اس کی روح کے اندر شیطان اپنے گھونسلے بنا لیتا ہے۔ اس کا سجدہ غفلت اور بے کیفی کا سجدہ ہوتا ہے۔ اس کا سجدہ اس کو خدا سے نہیں ملاتا۔ اس کا سجدہ اس کو خدا سے قریب نہیں کرتا۔

اصل یہ ہے کہ انسان لامحدود اطمینان چاہتا ہے۔ مگر دنیا کی چیزیں اس کو محدود اطمینان دیتی ہیں۔ اس لیے وہ اس کی تسکین نہیں بنتیں۔ یہ صرف اللہ کی یاد ہے جو نفسیاتی سطح پر انسان کی فطری طلب کا حقیقی جواب ہے۔ أَلَا بِذِکْرِ اللّٰہِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ (13:28) ۔ یعنی سن لو! بہتا کید جان لو کہ اللہ کی یاد ہی سے دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے۔

اللہ کی یاد کا مطلب یہ ہے کہ اس لا زوال ہستی میں اپنا دل لگایا جائے جو حقیقی اور ابدی ہے۔ اپنی امیدوں اور تمناؤں کو اس عالم کے ساتھ وابستہ کیا جائے جوان تمام کمیوں اور محدودیتوں سے پاک ہوگی جن کی وجہ سے موجودہ دنیا ہمارے خوابوں اور تمناؤں کی تعبیر بننے نہیں پاتی۔ جو اللہ کو پالیتا ہے وہ گویا اپنا سب کچھ پالیتا ہے۔ دنیا میں اگر اس کو تکلیف پہنچے تب بھی وہ مطمئن رہتا ہے کیونکہ اس کو یقین ہوتا ہے کہ وہ جس راستہ پر چل رہا ہے وہ بالآخر اس کو منزل پر پہنچانے والا ہے۔

آدمی کی امیدیں اور احساسات جہاں اٹکے ہوئے ہوں وہیں وہ جی رہا ہے۔ اس اعتبار سے دیکھیے تو ہر آدمی خواہ وہ چھوٹا ہو یا بڑا ہو کہیں نہ کہیں جی رہا ہوتا ہے۔ کوئی اپنے گھر بار اور بال بچوں میں جیتا

‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues

Printed page