Al-Risala · August 2021 · page 226

خدا کو پانے کی قیمت

الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۲۲۶

ہے، کوئی اپنی معاش اور کاروبار میں جیتا ہے، کوئی اپنی قیادت اور سیاسی سرگرمیوں میں جیتا ہے اور کوئی اپنی عزت اور اقتدار کے خوابوں میں جی رہا ہے، مگر یہ تمام جینا جہالت کا جینا ہے۔ یہ اپنا آشیانہ ایسی شاخوں پر بنانا ہے جن کا اپنا کوئی وجود نہیں ہوتا۔ حقیقی جینا یہ ہے کہ آدمی اپنے رب میں جینے لگے، وہ اس سہارے کو پکڑے جس کے سوا اس کائنات میں کسی کے لیے کوئی سہارا نہیں۔ وہ اللہ کی یاد کو لے کر سوئے اور اللہ کی یاد کے ساتھ صبح کرے ۔ وہ اسی کے بھروسہ پر چلے اور اسی کے بھروسہ پر رکے۔ وہ اسی کے لیے بولے اور اسی کے لیے خاموشی اختیار کرے۔

خدا کو پانے کی قیمت

خدا کو پانے کی قیمت طالب خدا کی خود اپنی ذات ہے۔ اس سے کمتر کوئی چیز خدا کو پانے کی قیمت نہیں بن سکتی۔ اپنی نفی نہیں تو خدا کی یافت بھی نہیں۔ خدا کو پانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ یہ ہے کہ آدمی خدا کو اپنا واحد کنسِرن نہ بنا سکے۔ خدا کو پانے کے لیے بلاشبہ یہی سب سے زیادہ اہم بات ہے۔ علم کے بارے میں کسی بزرگ کا قول ہے: ”علم تم کو اپنا جز صرف اس وقت دیتا ہے جب کہ تم اس کو اپنا کل دے دو۔ “ یہی بات خدا کو پانے کے لیے بھی درست ہے۔ خدا کو پانے کی قیمت یہ ہے کہ آدمی اپنا سب کچھ خدا کو دے دے، وہ خدا کو اپنا واحد کنسِرن بنائے۔ وہ خدا کی سوچ کو لے کر شام کو سوئے اور خدا کی سوچ کے ساتھ صبح کو جاگے۔ وہ اپنے آپ کو خدا میں اتنا زیادہ غرق کرے کہ وہ اس کا خواب دیکھنے لگے۔ خدا کو پانے کی قیمت کامل حوالگی ہے، جو شخص اپنے آپ کو خدا کے حوالے نہ کرے، خدا کی یافت کے دروازے بھی اس کے لیے نہیں کھلتے۔

اگر آدمی چاہتا ہے کہ اس کو دنیا میں حیات طیبہ حاصل ہو، آخرت میں وہ جہنم کے درد ناک عذاب سے بچے اور اس کو جنت نعیم کی فراخی نصیب ہو تو اس کا واحد راز یہ ہے کہ آدمی دین توحید کو اختیار کرے۔ دین توحید یہ ہے کہ آدمی اپنے آپ کو اس طرح خدا میں شامل کرے کہ صرف ایک اللہ اس کے یقین اور خوف و محبت کے جذبات کا مرکز بنے۔ حقیقت یہ ہے کہ انسان کا پورا وجود، اس کا دل و دماغ، اس کے جذبات و کیفیات خدا کی امانت ہیں۔ انسان کی زندگی کو ایسا ہونا چاہیے کہ اس کی تمام سرگرمیوں کا ایک مرکز ہواور وہ ایک خدا ہو۔ اس کے جذبات، اس کی سوچ، اس کی سرگرمیاں اور اس کا سب کچھ پروانہ وار خدا کے گرد گھومنے لگیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues

Printed page