Al-Risala · August 2021 · page 266

برنامجنا اعداد المبرمجین

الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۲۶۶

اسی وقت مولانانے یہ واضح طور پر لکھا ہے کہ پہلا کام تراجم قرآن کی اشاعت کا کام ہے۔ ڈسٹری بیوشن (distribution) کا عمل بھی اشاعت ہی کا کام ہے۔ ظاہر ہے یہ اشاعت دعوتی تقاضوں کو پورا کرنے ہی کے لیے مطلوب تھی۔ جب ترجمہ اور اشاعت کا کام ہو چکا تو اس کو خدا کے بندوں تک پہنچانا ہی سب سے اولین تقاضا ہوگا۔ اور پھر اس کام کی نوعیت بھی ذہن میں رہے کہ دنیا کے تقریباً 6 بلین انسانوں تک قرآن کو ان کی قابل فہم زبان میں پہنچانا ہے۔ گویا کام تو عین اپنے پروگرام اور مقصد کے تحت ہی ہو رہا ہے، نہ کہ مقصد سے ہٹ کر کیا جا رہا ہے۔ اور پھر قرآن ڈسٹری بیوشن کو دعوتی کام نہ سمجھنا دعوت الی اللہ کی تصغیر ہے۔

3 مسیح کی آمد ثانی اور مولانا کا موقف: تیسرا مغالطہ لوگوں کو اس وقت ہوا جب مولانانے مسیح کی آمد ثانی کی احادیث کی قابل فہم تاویل کرنے کی کوشش کی۔ اس مسئلہ کو لے کر مسلمانوں میں بہت سی بے اصل باتیں مشہور ہو چکی ہیں ۔ جیسے دوبارہ آسمان سے ایک خاص شہر اور ایک خاص جگہ پر مسیح کا جسمانی نزول ہوگا ، وہ دجال کو قتل کریں گے وغیرہ وغیرہ۔ حالانکہ قدیم و جدید دور کے ممتاز اہلِ علم نے مسیح کے جسمانی نزول کا انکار کیا ہے۔ جیسے جمال الدین افغانی، مفتی محمد عبدہ، سید رشید رضا، مولانا عبید اللہ سندھی، ڈاکٹر محمد اقبال، مولانا ابوالکلام آزاد، جاوید احمد غامدی وغیرہ۔ اس سلسلے میں مولانا نے جو لکھا ہے، وہ ملاحظہ ہو:

”مصر کے مشہور عالم محمد بن احمد ابو زہرہ نے نزول مسیح کی تمام روایات کو اخبار آحاد کہا ہے اور وہ متواتر نہیں ہیں اور پہلی تین صدیوں کے بعد عوام میں مشہور ہوئی ہیں“ (الرسالہ جولائی 2008 صفحه 8) اس طرح کے معاملات میں جب کوئی تاویل سمجھائی نہ دے رہی ہو تو اہل علم کو دو طرفہ مشکل پیش آتی ہے، ان اخبار آحاد کو مان کر ایک ایسی بات کو تسلیم کیا جائے جو نہ قرآن سے ثابت ہے اور نہ عقل اسے قبول کر سکتی ہے، یا ان احادیث کا انکار کیا جائے۔ اس کشمکش سے ہر صاحبِ علم کو سابقہ پڑتا ہے۔ اس کشمکش سے نکلنے کی جستجو اور ایسی تاویل کی تلاش ہمیشہ مطلوب ہوتی ہے جو عقل اور قلب دونوں کے لیے اطمینان بخش ہو۔ جن اخبار آحاد میں مسیح کی آمد ثانی کا ذکر ہوا ہے ان کی بہترین تاویل کرنے کی مولانا نے دو طرح سے کوشش کی ہے، ایک وہ جو کتابچہ قیامت کا الارم میں موجود ہے۔ ملاحظہ ہو:

‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues

Printed page