Al-Risala · August 2021 · page 282

برنامجنا اعداد المبرمجین

الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۲۸۲

انسان مو شگافیاں تلاش کرنے کو ہی اپنا مشغلہ بنا لے تو اسے کوئی کیسے سمجھا سکتا ہے۔ ایسے لوگوں کو مولانا کا وہ جملہ پڑھنا چاہیے جو مولانا نے پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں لکھا ہے۔ مولانا نے اپنی کتاب عظمتِ اسلام میں لکھا ہے: پیغمبر صرف پیغام رساں نہیں ہوتا، اسی کے ساتھ وہ لوگوں کے لیے نمونۂ عمل بھی ہوتا ہے جس کو قرآن میں اسوہ (الاحزاب، 33.21) کہا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ضروری تھا کہ ہر قسم کے حالات آپ کے اوپر گزریں تا کہ آپ ہر اعتبار سے ساری انسانیت کے لیے نمونہ بن سکیں۔ چنانچہ سیرت اور حدیث کی کتابیں بتاتی ہیں کہ واقعۃً ایسا ہی ہوا۔ آپ کی زندگی ہر قسم کے واقعات سے بھری ہوئی زندگی ہے۔ ہر صورتِ حال اور ہر موڑ کے لیے آپ کی زندگی میں نمونہ موجود ہے (صفحہ 106)۔ آپ نے اپنی عملی زندگی سے یہ بتایا ہے کہ اس دنیا میں سب سے بڑی کامیابی (supreme success) حاصل کرنے کا ذریعہ کیا ہے۔ آپ کی حیثیت ایک ابدی رہنما کی ہے (صفحہ 115)۔

اسی طرح مولانا ایک اور جگہ لکھتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی انسانیت اتنی بلند تھی کہ اگر آپ پیدا نہ ہوتے تو تاریخ کو لکھنا پڑتا کہ اس طرح کا انسان نہ کوئی پیدا ہوا ہے، نہ ہو سکتا ہے۔ مولانا کے اسوہ حسنہ اور کاملہ کے جملے سے مقصود صرف اور صرف یہ تھا کہ رسول اللہ ہی کی طرح تمام پیغمبروں میں ہمارے لیے دعوتی نمونے موجود ہیں اور خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی اللہ حکم دیتا ہے: تم ان کی پیروی کرو۔ قرآن میں ہے: فَبِهُدَاهُمُ اقْتَدِه (6:90)۔

اسی طرح الرسالہ فروری 2013 میں مولانا نے اسوہ رسول کے عنوان سے لکھا ہے: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا کامل اسوہ بہ اعتبار فہرست (in terms of list) نہیں ہے (یعنی ایسا نہیں ہے کہ آج پیش آنے والے ہر واقعہ کے لیے ڈائریکٹ طور پر رسول اللہ کی زندگی میں نمونہ مل جائے)، بلکہ وہ بہ اعتبار انطباق (in terms of application) ہے۔ یہ حقیقت ایک حدیثِ رسول سے معلوم ہوتی ہے۔ اس کے مطابق، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب معاذ بن جبل کو (بطورِ عامل) یمن کی طرف بھیجا تو آپ نے معاذ بن جبل سے پوچھا کہ جب تمھارے سامنے کوئی معاملہ آئے گا تو تم اس کا فیصلہ کس طرح کرو گے۔ انھوں نے کہا کہ میں اللہ کی کتاب سے اس کا فیصلہ کروں گا۔ آپ نے فرمایا کہ اگر تم اللہ کی کتاب میں نہ پاؤ۔ انھوں نے کہا کہ میں رسول اللہ کی سنت سے فیصلہ کروں گا۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues

Printed page