Al-Risala · August 2021 · page 291

مولانا وحید الدین خان اور ہندوستانی مسلمان

الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۲۹۱

مولانا وحید الدین خان اور ہندوستانی مسلمان

ڈاکٹر محی الدین زور کشمیری، محکمہ اعلیٰ تعلیم حکومت جموں و کشمیر مجتہد العصر مولانا وحید الدین خان ( پیدائش 1925ء، اعظم گڑھ اتر پردیش، وفات 21 اپریل 2021ء، دہلی ) پوری دنیا میں دانشورانہ سطح پر اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے کے سلسلے میں جانے جاتے ہیں اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ اپنے فیلڈ میں ہندوستان کو represent کر رہے تھے، اور یہ ان کی منفرد پہچان بھی تھی۔

وہ اپنے نرم لہجے، معتدل نظریے، وسیع تر مطالعے اور مشاہدے کے ساتھ ساتھ کشادہ ذہن کی وجہ سے بلا تفریق مذہب و ملت قبول کیے جاتے ہیں۔ اردو انگریزی ہندی میں ان کی 250 سے زائد کتابیں کئی ایڈیشنوں کے ساتھ شائع ہو کر داد حاصل کر چکی ہیں، جن میں The Prophet of Peace. The Age of Peace, The Prophet Muhammad, A Simple Guide to his Life. Islam Rediscovered, etc. تذکیر القرآن (تفسیر قرآن) شامل ہیں۔ ان کی بہت ساری کتابیں عالمی اشاعتی اداروں نے شائع کیں اور دنیا کی بڑی بڑی زبانوں میں ان کے ترجمے بھی ہوئے۔ دنیا کی مختلف یونیورسیٹیوں میں ان کی کتابیں نصاب کے طور پر بھی پڑھائی جاتی ہیں۔ ان کا قائم کردہ ادارہ سی پی ایس انٹرنیشنل Centre for Peace and Spirituality International Nizamuddin West, New Delhi 110013 بھی اپنی نوعیت کی الگ پہچان رکھتا ہے۔

"ہندوستانی مسلمان" نام کی کتاب میں مولانا وحید الدین خان کے چھوٹے بڑے مضامین و لیکچرس اور ان کے افکار شامل ہیں، جنہیں (1) ہندوستانی مسلمان (2) روشن مستقبل (3) مسجد اور مسلمان اور (4) نیا دور، الگ الگ عنوان دے کر ایک لڑی میں پرویا گیا ہے، اور پھر ہر جگہ چند ذیلی سرخیوں کے تحت بھی بات کہی گئی ہے۔ کتاب میں شامل بیشتر مضامین کئی بین الاقوامی سیمیناروں میں پڑھے گئے اور پھر مختلف رسالوں میں شائع ہوئے ہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues

Printed page