Al-Risala · August 2021 · page 307

مولانا مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان برج تھے

الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۳۰۷

مولانا مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان برج تھے

عالم اسلام کی معروف شخصیت اور اسلامی اسکالر مولانا وحید الدین خان کے سانحہ ارتحال پر ریاست اتر پردیش کے رامپور میں ورک تنظیم کے ڈائریکٹر سید عبداللہ طارق نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا وحید الدین خان مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان برج کے مانند تھے۔ عالم اسلام کی ممتاز و معروف شخصیت مولانا وحید الدین خان 21 اپریل 2021 کی رات 11 بجے 96 برس کی عمر میں اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔ ان کے سانحہ ارتحال پر ملک وملت کی سرکردہ شخصیات کی جانب سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

رامپور میں ورلڈ آرگنائزیشن آف ریلیجیس اینڈ نالج نام کی دعوتی تنظیم کے سربراہ سید عبداللہ طارق نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا وحید الدین خان جیسی شخصیت کا دنیا سے چلے جانا ایک بڑا خسارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد اجتماعات میں ان کا اور مولانا کا کافی ساتھ رہا ہے۔ مولانا وحید الدین خان مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان پل کے مانند تھے : سید عبد اللہ طارق نے کہا کہ مولانا وحید الدین خان کی زندگی میں انفرادیت تھی۔ انہوں نے اسلامی دعوت کو عام کرنے میں کبھی کسی سے کوئی تعاون نہیں لیا۔ وہ اکیلے ہی کام کرتے چلے گئے اور انہوں اپنی زندگی میں مختلف اہم کاموں کو انجام دیا۔ عبداللہ طارق نے کہا کہ مولانا کی سرگرمیاں منفرد انداز کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا وحید الدین خان کا سب سے بڑا اور اہم کام وہ تھا جس کی آج کے زمانے میں شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی ہے، وہ یہ ہے کہ نفرتوں کے ماحول میں ہندو۔ مسلمان کے درمیان کی کھائی کو ختم کرنے کی پوری کوشش کی۔

اس موقع پر سید عبداللہ طارق نے کہا کہ مولانا نے اپنے مشن سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انھوں نے مولانا وحید الدین خان کے ساتھ گزرے اپنے اوقات کو بھی یاد کیا۔ واضح رہے کہ مولانا وحید الدین خان مرحوم نے متعدد کتابوں کی تصنیف کے ساتھ ہی قرآن کریم کا انگریزی زبان میں ترجمہ بھی کیا ہے جس کو انگریزی حلقہ میں کافی مقبولیت حاصل ہے۔ (ای ٹی وی بھارت)

‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues

Printed page