مولانا مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان برج تھے
الرسالہ، اگست ۲۰۲۱، صفحہ ۳۱۰
پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد انور خان قاسمی نے کہا کہ مولانا وحید الدین خان کو اے گریٹ سائنٹیفک سینٹ آف مسلم ورلڈ بھی کہا جاتا ہے۔ ان کا اچانک یوں چلے جانا علمی اور ادبی دنیا کا بہت بڑا نقصان ہے ، لیکن مولانا نے زندگی کی آخری سانسیں لینے کے لیے خاتمہ بالخیر کے طور پر جو مبارک لمحات پائے وہ ان کی دینی خدمات کی قبولیت کا نشان ہیں۔
یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم ، الحیاء پبلی کیشنز کے ڈائریکٹر عبداللہ عثمانی ، نوجوان شاعر تنویر اجمل دیوبندی، معروف افسانہ نگار ہارون حسرت اور ماسٹرشمیم کریم پوری، قاری عامر عثمانی ، مولانا عبداللطیف قاسمی ، مہدی حسن عینی قاسمی، جمعیتہ فلاح انسانیت کے قومی جنرل سکریٹری الحاج شاہ عالم قاسمی ، معروف اسلامک اسکالر مولوی سکندر خان اور محمد ثاقب خان نے مشترکہ طور پر کہا کہ مولانا وحید الدین خان اپنی سحر انگیز اور پر اثر خطابت کے ذریعہ ہوا کے رخ کو بڑی حد تک پھیرنے اور سامعین کے دلوں پر حکومت کرنے کی خداداد صلاحیت رکھتے تھے۔ اللہ رحم کا معاملہ اور پسماندگان کو صبر عطا فرمائے۔ (awazthevoice.in, 22.04.2021)
ہندوستان کے معروف اسلامی اسکالر وحید الدین خان نہیں رہے : (یو این آئی) ہندوستان کے معروف اسکالر اور پدم بھوشن سے سرفراز مولانا وحید الدین خان کا کل دہلی میں انتقال ہو گیا۔ وہ 96 برس کے تھے۔ ان کی پیدائش یکم جنوری 1925 ء کو بڈھریا اعظم گڑھ ، اتر پردیش میں ہوئی ۔ وہ مدرسۃ الاصلاح اعظم گڑھ کے فارغ التحصیل عالم دین، مصنف، مقرر اور مفکر تھے۔ وہ اسلامی مرکزی دہلی کے چیرمین اور ماہ نامہ الرسالہ کے مدیر تھے۔ وہ 1967 ء سے 1974 ء تک الجمعیۃ ویکلی (دہلی) کے مدیر رہ چکے ہیں۔ آپ کی تحریریں بلا تفریق مذہب ونسل مطالعہ کی جاتی ہیں۔ خان صاحب پانچ زبانیں جانتے تھے (اردو، ہندی، عربی، فارسی اور انگریزی) اور وہ ان زبانوں میں لکھتے اور بیان دیتے تھے۔ ٹی وی چینلوں میں آپ کے پروگرام نشر ہوتے رہے ہیں۔ مولانا وحید الدین خان عام طور پر دانشور طبقہ میں امن پسند مانے جاتے ہیں۔ ان کا مشن ہے مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا۔ اسلام کے متعلق غیر مسلموں میں جو غلط فہمیاں ہیں انہیں دور کرنا۔ مسلمانوں میں مدعوقوم (غیر مسلموں) کی ایذا وتکلیف پر ایک طرفہ طور پر صبر اور اعراض کی تعلیم کو عام کرنا ہے جو ان کی رائے میں دعوت دین کے لیے ضروری ہے۔ (قومی آواز ، 22 اپریل ، 2021)
‹ Previous page Next page › Contents of August 2021 All issues