Al-Risala · July 2022 · page 48

داعیانہ کردار

الرسالہ، جولائی ۲۰۲۲، صفحہ ۴۸

خبر نامہ اسلامی مرکز - 277

سی پی ایس انٹرنیشنل دہلی سے ہفتہ وار پروگرام کا سلسلہ جاری ہے جیسا کہ مولانا وحید الدین خاں صاحب کی حیات میں جاری تھا۔ یہ پروگرام اتوار کے دن ساڑھے دس بجے فیس بک (fb.com/maulanawkhan) پر لائیو دیکھا جا سکتا ہے۔ اس میں ڈاکٹر فریدہ خانم اور ڈاکٹر ثانی اثنین خان خطاب کرتے ہیں۔ 5 جون 2022 کو ڈاکٹر ثانی اثنین خان صاحب نے "پیغمبر یوسف کے قصہ کا سبق" کے عنوان سے خطاب کیا۔

گڈ ورڈ بکس، نئی دہلی نے دنیا کی 30 سے زیادہ زبانوں میں تراجمِ قرآن کے علاوہ بریل ترجمہ قرآن بھی شائع کیا ہے۔ سی پی ایس دہلی کے ممبر مسٹر محمد عمار نے 7 دسمبر 2021 کو بلائنڈ ریلیف ایسوسی ایشن، نئی دہلی کی لائبریری کے لیے ایک بریل قرآن بطور گفٹ دیا۔ تا کہ وہ لوگ بھی خدا کے پیغام سے باخبر ہوں، جو دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہیں۔ دعوت امت مسلمہ کا مشن ہے۔ یہ عمل شعوری منصوبہ بندی چاہتا ہے۔ شعوری منصوبہ بندی کا مطلب ہے دعوت کو اپنی زندگی میں شامل کر لیا جائے۔ اس تعلق سے یہاں ایک تجربہ کا ذکر کیا جاتا ہے۔ 21 اکتوبر 2021 شہر وانمباڑی (تمل ناڈو) سے ایک صاحب کا کال آیا۔ انھوں نے بتایا کہ علاج کے لیے میرا ایک غیر مسلم ڈاکٹر سے اپوائنٹمنٹ ہے اور میری خواہش ہے کہ میں انھیں انگریزی ترجمہ قرآن دوں۔ اگر آپ کے پاس سعودی عرب کا انگریزی ترجمہ قرآن اوپلیبل ہو تو برائے مہربانی مجھے ایک عدد دیجیے۔ یاد دہانی کے لیے انھوں نے کئی مرتبہ فون بھی کیا۔ بہت تلاش کے بعد وہ ترجمہ قرآن مل سکا۔ ویسے سی پی ایس انٹرنیشنل کی جانب سے کئی زبانوں میں تراجمِ قرآن دستیاب ہیں۔ مگر ان کے جذبے اور مطالبے کی قدر کرتے ہوئے میں سعودی عرب سے چھپے ہوئے قرآن کی تلاش میں تھا۔ جب مجھے یہ نسخہ مل گیا تو میں نے یہ کیا کہ گڈ ورڈ بکس سے طبع شدہ ترجمہ قرآن بھی ساتھ لے گیا اور سعودی والے ترجمہ قرآن کے ساتھ میں نے سی پی ایس کے ترجمہ قرآن کی ایک کاپی بھی ان کو دی۔ وہ بہت خوش ہوئے اور کہا کہ سی پی ایس کا ترجمہ قرآن ہینڈ ی اور بہت خوبصورت ہے۔ کیا اس کی مزید کاپیاں مجھے مل سکتی ہیں۔ میں نے اس ترجمہ قرآن کی مزید کاپیاں اور وہاٹ از اسلام نامی کتاب ان کو دے دی۔

اس واقعہ سے میری سمجھ میں آیا کہ دعوت کی شعوری منصوبہ بندی کا مطلب کیا ہے۔ یعنی ہم دنیا میں جہاں کہیں بھی ہوں، علاج ہو یا تجارت یا کوئی اور معاملہ، غیر مسلموں سے ہمارا تعلق لازمی طور پر قائم ہوتا ہے۔ اگر پیشگی طور پر ہم کچھ پرنٹڈ دعوتی لٹریچر مثلاً ترجمہ قرآن، وغیرہ اپنے پاس رکھ لیں تو ہر مسلم اپنا دعوتی رول ادا کر سکتا ہے۔ کیوں کہ مدعو تک خدا کا پیغام، یعنی قرآن پہنچانا داعی کی ذمہ داری ہے۔ مگر خدا کے پیغام کو ماننا یا اس کا انکار کرنا مدعو کے ہاتھ میں ہے۔ آپ کے پاس جو بھی ترجمہ قرآن میسر ہو اس کو دینے کی کوشش کریں۔ شرط صرف یہ ہے کہ وہ مدعو کی قابل فہم زبان میں ہو۔ اگر امت مسلمہ اس دور میں صرف اتنا کام کر دے تو یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے حجت تمام کرنے کے مترادف ہوگا (مولانا اقبال احمد عمری، عمر آباد، تامل ناڈو)۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 2022 All issues

Printed page