Al-Risala · March 2022 · page 47

ٹوئٹر کا سی ای او

الرسالہ، مارچ ۲۰۲۲، صفحہ ۴۷

ٹوئٹر کا سی ای او

ٹوئٹر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ہے۔ نومبر 2021 میں انڈین امریکن مسٹر پراگ اگروال (پیدائش 1984) کو ٹوئٹر کا نیا سی ای او منتخب کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان وداع ہونے والے سی ای او مسٹر جیک ڈورسی (پیدائش 1975) نے اپنے ٹوئٹر بلاگ کے ذریعہ کیا۔ اس کے بقول مسٹر پراگ کمپنی اور اس کی ضرورتوں کو پوری طرح سمجھتے ہیں۔ کمپنی کو آگے بڑھانے کے ہر اہم فیصلے کے پیچھے پراگ کا رول ہوتا تھا۔ وہ متجسس، تحقیق کا شوق رکھنے والے، ریشنل، کریٹیو، محنتی، خود آگاہ، اور متواضع انسان ہیں۔ وہ پورے دل و جان سے قیادت کا فرض نبھاتے ہیں، اور وہ ان لوگوں میں سے ہیں جن سے میں ہر دن کچھ سیکھتا ہوں:

He (Parag) understands the company and its needs. Parag has been behind every critical decision that helped turn this company around. He's curious, probing, rational, creative, demanding, self-aware, and humble. He leads with heart and soul; and is someone I learn from daily. کسی بھی میدان میں ترقی کا راز کیا ہے۔ وہ وہی ہے جس کا ذکر مسٹر جیک نے مسٹر پراگ کے ریفرنس میں کیا ہے۔ کامیابی کا یہ اصول نہ صرف سیکولر فیلڈ کے لیے ہے، بلکہ مذہبی فیلڈ کے لیے بھی۔ حقیقت یہ ہے کہ ترقی دراصل انسان کے پٹینشل کو ایکچول بنانے کا نام ہے۔ اور اپنے پٹینشل کو ایکچول وہی انسان بنا سکتا ہے، جو اپنے اندر ان صفات کو پیدا کرے۔ یہی کسی مقصد میں کامیاب ہونے کا راز ہے۔ اس قسم کی گہری وابستگی کے بغیر کوئی بڑا کام نہیں کیا جا سکتا ہے، نہ دنیا میں اور نہ آخرت میں۔ ایک حدیث رسول میں کامیابی کے راز کو ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے: اِنَّمَا الْعِلْمُ بِالتَّعَلُّمِ، وَإِنَّمَا الْحِلْمُ بِالتَّحَلُّمِ، مَنْ يَتَحَرَّى الْخَيْرَ يُعْطَهُ، وَمَنْ يَّتَّقِ الشَّرَّ يُوقَهُ (المعجم الاوسط للطبرانی، حدیث نمبر 2663)۔ یعنی، علم آتا ہے لرننگ سے، بردباری آتی ہے برداشت پیدا کرنے سے۔ جو خیر تلاش کرتا ہے اس کو خیر ملتا ہے، اور جو شر سے بچنا چاہتا ہے اس کو بچا لیا جاتا ہے۔ ایک اور روایت میں ہے: وَالْفِقْهُ بِالتَّفَقُّهِ (المعجم الكبير للطبرانی، حدیث نمبر 929)۔ یعنی، فہم و فراست کی کوشش کرنے سے گہری سمجھ پیدا ہوتی ہے۔ (ڈاکٹر فریدہ خانم)

‹ Previous page Next page › Contents of March 2022 All issues

Printed page