Al-Risala · March 2023 · page 46

بہت سے لوگ مولانا کے زیر بار ہیں

الرسالہ، مارچ ۲۰۲۳، صفحہ ۴۶

بہت سے لوگ مولانا کے زیر بار ہیں

المورد (لاہور) میں ہفتہ وار بیٹھک تھی۔ خودکشی کا موضوع زیر بحث تھا۔ اک نوجوان اپنی آپ بیتی کہنے لگا۔ نوجوان کی باتوں کا خلاصہ یہ ہے: ’’میں خودکشی کے سارے عمل سے گزر کر آیا ہوں ۔ شدید اضطراب کی کیفیت سے دوچار، زندگی سے بیزار ۔ ہر وقت اسی قلق میں مبتلا۔ کب وہ لمحہ آئے اس قیدِ حیات سے آزاد ہو جاؤں۔ بالآخر ایک دن میں نے یہ ٹھان لیا تھا کہ آج مجھے خودکشی کرنی ہے۔ اس کے لیے میں یوٹیوب پر سرچ کر رہا تھا کہ مرنے کا آسان طریقہ کیا ہو سکتا ہے؟ اسی دوران اچانک مولانا وحید الدین خان کی ایک ویڈیو کلپ سامنے آگئی۔ نہ چاہتے ہوئے بھی میں نے اس ویڈیو پر کلک کر دیا۔ اس ویڈیو نے میری زندگی کی کایا ہی پلٹ دی ۔ وہ لمحہ ! ! میں جانتا ہوں، یا میرا خدا ۔ کئی دنوں تک تسلسل کے ساتھ مولانا کو سنتا رہا۔ اس کے بعد اپنے معالج سائیکیٹرسٹ کے پاس پہنچا۔ وہ حیران تھے کہ اتنے دن سے میڈیسن استعمال نہیں کی۔ لیکن اس قدر ہشاش بشاش کیسے؟ میں نے بتایا کہ مولانا نے مجھے خودکشی سے بچا کر خدا سے ملوا دیا۔ اگر اس وقت مولانا زندہ ہوتے تو میں ان سے ملنے ضرور جاتا۔ ‘‘ حقیقت یہ ہے کہ بہت سے لوگ مولانا کے زیر بار ہیں ! ایک طویل فہرست کو تو میں جانتا ہوں، گمنام پتہ نہیں کتنے ہوں گے ۔ یہ لوگ اپنی زندگیوں سے بیزار ہو چکے تھے۔ مولانا نے اپنی گفتگو و تحریر کے ذریعے ان کی زندگی کو ایک نیا حوصلہ دیا، امید کی کرن دکھا دی، سسکیوں کو مسکراہٹوں میں تبدیل کر دیا اور ایک خاص انداز سے ان کو ان کے حقیقی رب سے روشناس کروا کر حصول مقصد کی شاہراہ پر گامزن کردیااور کتنوں کو موت و ہلاکت کی وادی میں جانے سے بچا لیا۔ میں بھی انہی میں سے ایک ہوں ۔ جب بھی ناامیدی کا شکار ہونے لگتا ہوں، ہر بار مولانا کی تحریر لڑکھڑاتی ڈگمگاتی زندگی کو ایک نئی سمت عطا کرتی ہے، اک حوصلہ نصیب ہوتا ہے، مقصدِ حیات تروتازہ ہو جاتا ہے، رب تعالیٰ کے قرب کی جستجو پیدا ہو جاتی ہے۔ خدا مولانا کی لحد پر رحمتوں کی برکھا برسائے اور ان کو ان کے اس عمل کا اپنی شایانِ شان اجر دے۔ (جرِیر حسین، 9230669****+)

‹ Previous page Next page › Contents of March 2023 All issues

Printed page