منصوبہ تخلیق کو سمجھیے
الرسالہ، جنوری ۲۰۲۳، صفحہ ۱۵
منصوبہ تخلیق کو سمجھیے
اسپین (Span) ایک دوماہی (bimonthly) میگزین ہے، جس کو ہندوستان کا امریکی سفارت خانہ انگریزی، ہندی اور اردو میں شائع کرتا ہے۔ اس کے مئی - جون 2021 کے ٹائٹل پیج پر عنوان تھا— ماحولیاتی بحران کا مقابلہ کرنا۔
میگزین کے اکثر مضامین کا تعلق ماحولیاتی مسائل سے تھا۔ مثلاً لمحہ فکریہ : آپ کی عادت طعام کره ارض پر اثر انداز ہوتی ہے، فضائی آلودگی پر قابو پانا، ماحول موافق طرز حیات، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی قوت پیدا کرنا۔
موجودہ زمانے میں گلوبل وارمنگ کے بارے میں مسلسل خبریں آرہی ہیں۔ صنعتی ترقی اپنے ساتھ صنعتی کثافت (industrial pollution) کا مسئلہ لائی ہے۔ اس کثافت کے نتیجے میں گلوبل وارمنگ (global warming) کا واقعہ پیش آیا ہے، یعنی موسم میں بگاڑ (Chaotic weather conditions)، پانی کے ذخیروں ذخیروں(گلیشیرس) کا پگھلنا، نازک حیوانات (fragile animals) کا خاتمہ، سمندر کے پانی کا آلودہ ہو جانا اور لائف سپورٹ سسٹم کا بگڑ جانا، وغیرہ۔ فطرت میں ان تمام خرابیوں کی جڑ گلوبل وارمنگ ہے۔
گلوبل وارمنگ کا اصل سبب لائف اسٹائل کا مسئلہ ہے۔ دنیا کے موجودہ ذرائع صرف یہ اجازت دیتے ہیں کہ انسان اپنی حقیقی ضرورت (real need) کے بقدر اس کو استعمال کرے، لیکن آج کے انسان کا نشانہ پرتعیش لائف اسٹائل (luxurious life style) ہو گیا ہے۔ انسان کا یہی غیر حقیقی گول ہے جس نے موجودہ زمانے میں گلوبل وارمنگ کا سنگین مسئلہ پیدا کیا ہے۔ گلوبل وارمنگ گویا کہ فطرت کی طرف سے اشاراتی زبان میں یہ اعلان ہے کہ انسان کا نشانہ موجودہ دنیا میں پورا ہونے والا نہیں۔ یہ فطرت کے خلاف ہے، اور جو منصوبہ فطرت کے خلاف ہو، اس کی تکمیل اس دنیا میں ممکن نہیں۔ (ڈاکٹر فریدہ خانم)
‹ Previous page Next page › Contents of January 2023 All issues