Al-Risala · March 2023 · page 27

مذہبی رواداری ، تالیف قلب

الرسالہ، مارچ ۲۰۲۳، صفحہ ۲۷

دے دو۔ تو سب سے پہلے جن سے ملا، وہ عمر فاروق تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ دونوں جوتے کس کے ہیں، اے ابو ہریرہ۔ میں نے کہا کہ یہ دونوں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جوتے ہیں، آپ نے مجھے ان دونوں کے ساتھ بھیجا ہے کہ میں جس ایسے شخص سے ملوں جو یہ گواہی دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ اس پر قلبی ایمان رکھتا ہو تو میں اس کو جنت کی خوش خبری دے دوں۔ (یہ سنتے ہی) عمر نے میرے سینے پر اتنے شدت سے مارا کہ میں پیچھے کی طرف گر گیا۔ انھوں نے کہا کہ اے ابو ہریرہ واپس جاؤ۔ چنانچہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس واپس آیا، اور میری حالت رونے والی ہو رہی تھی۔ میں نے دیکھا کہ وہ میرے پیچھے آ رہے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے ابو ہریرہ تجھ کو کیا ہوا۔ میں نے کہا کہ میں عمر فاروق سے ملا اور ان کو اس بات کی خبر دی جس بات کو لے کر آپ نے مجھے بھیجا تھا۔ تو انھوں نے میرے سینے پر اتنی شدت سے مارا کہ میں پیچھے کی طرف گر گیا۔ پھر انھوں نے کہا کہ واپس جاؤ۔ (یہ سن کر) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے عمر تم نے ایسا کیوں کیا۔ انھوں نے کہا کہ اے خدا کے رسول آپ پر میرے ماں باپ قربان ہوں، کیا آپ نے ابو ہریرہ کو اپنے دونوں جوتوں کے ساتھ بھیجا تھا کہ جو یہ گواہی دیتا ہوا ملے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اس پر قلبی یقین رکھتا ہو تو اس کو جنت کی خوش خبری دے دو۔ آپ نے فرمایا: ہاں۔ عمر نے کہا کہ ایسا نہ کیجیے۔ کیوں کہ مجھے ڈر ہے کہ لوگ اس پر بھروسہ کر لیں گے۔ تو انھیں چھوڑ دیجیے کہ وہ عمل کرتے رہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پھر انھیں چھوڑ دو (صحیح مسلم، حدیث نمبر 31)۔ کوئی خارجی یا مقداری عمل جنت کی قیمت نہیں۔ جنت کی قیمت انسان کا اپنا وجود ہے۔ جو آدمی خدا کو اس طرح پائے کہ اس کی ہستی پوری طرح خدا کے رنگ میں رنگ جائے۔ خدا کے سوا کوئی چیز اس کا کُنسرن نہ رہے۔ وہ اپنے پورے دل و دماغ کے ساتھ خدا والا بن جائے تو یہی وہ انسان ہے جس کے لیے جنت میں داخلے کا فیصلہ کیا جائے۔

حضرت عمر فاروق کا قول عوام کی نسبت سے تھا۔ انھوں نے بجا طور پر محسوس کیا کہ عوام اس گہری حقیقت کو نہیں سمجھیں گے۔ اور صرف زبان سے شہادت کے الفاظ بول دینے کو نجات کے لیے کافی سمجھنے لگیں گے۔ اور پھر اپنے آپ کو گمراہی میں مبتلا کر لیں گے۔ پیغمبر اسلام کا قول اگر بیان حقیقت تھا تو عمر فاروق کا قول رعایتِ عوام۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 2023 All issues

Printed page