Al-Risala · May 2025 · page 32

ضمیر یعنی سینسر

الرسالہ، مئی ۲۰۲۵، صفحہ ۳۲

کیا کرے، اور کیا نہ کرے ۔ لیکن یہ رہنمائی خاموش زبان میں ہوتی ہے۔ اگر آدمی بروقت اس آواز کو سن لے، تو وہ فوراً انسان کی رہنمائی کے لیے متحرک ہو جاتا ہے، لیکن اگر انسان فوراً متحرک نہ ہو تو وہ انسان کو اس کے حال پر چھوڑ دیتا ہے۔

دنیا کی زندگی میں بار بار آدمی کے اوپر غیر ربانی انٹرسٹ غالب آجاتا ہے، اور وہ اپنے ضمیر کے خلاف چلنے لگتا ہے۔ یہ روش ضمیر کو دھیرے دھیرے مردہ بنا دیتی ہے۔ جیسا کہ ایک حدیث میں ہے: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بندہ جب کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کے دل پر ایک سیاہ نکتہ لگ جاتا ہے۔ اگر وہ توبہ کر لے اور باز آجائے اور استغفار کرے تو اس کا دل صاف ہو جاتا ہے۔ اور اگر دوبارہ گناہ کی طرف لوٹ آیا تو وہ سیاہی زیادہ ہو جاتی ہے۔ یہاں تک کہ اس کے سارے دل پر چڑھ جاتی ہے۔ یہی وہ (گناہ کا زنگ ہے جس کا ذکر قرآن مجید (83:14) میں ان الفاظ میں کیا گیا ہے: ہرگز نہیں بلکہ ان کے برے کاموں سے ان کے دلوں پر زنگ لگ گیا۔ (سنن الترمذی، حدیث نمبر 3334)

صحابی رسول حضرت حذیفہ کہتے ہیں کہ جب کوئی انسان گناہ کرتا ہے تو اس سے دل ہتھیلی کی مانند سکڑ جاتا ہے۔ پھر جب وہ مزید گناہ کرتا ہے تو دل اور زیادہ سکڑ جاتا ہے یہاں تک کہ اس پر مہر لگ جاتی ہے۔ پھر وہ خیر کی بات کو سنتا ہے مگر اس پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ گناہ آہستہ آہستہ بڑھتا رہتا ہے یہاں تک کہ جب وہ ڈھیر بن جاتا ہے تو اس کے دل پر ایک بڑی مہر لگادی جاتی ہے۔ اس کے بعد انسان اگر خیر کا کلمہ بھی سنے تو وہ دل میں داخل نہیں ہو پاتا۔ (تفسیر ابن ابی حاتم : 19181) یہاں دل سے مراد وہی چیز ہے، جس کو اوپر ضمیر کہا گیا ہے۔ یعنی انسان کے اندر خیر و شر کو ڈیٹیکٹ (detect) کرنے کی فطری صلاحیت ۔ اس صلاحیت کو قرآن میں فرقان کی صلاحیت بھی کہا گیا ہے اور تقویٰ کو اس کا ذریعہ بتایا ہے (8:29)۔ ضمیر کسی آدمی کے اندر بصیرت پیدا کر دیتا ہے، جس سے وہ معاملے کے ظاہری پہلوؤں سے دھوکا کھائے بغیر ہر چیز کو اس کے اصل روپ میں دیکھ سکے۔ وہ مغالطوں میں پھنسے بغیر معاملے کی اصل حقیقت تک پہنچ جائے۔ اس لیے بہت ضروری ہے کہ آدمی اپنے ضمیر کو زندہ رکھے تا کہ وہ اس کے ذریعہ خیر کو پہچانے اور اس کے مطابق عمل کر سکے، ٹھیک اسی طرح جیسے وہ کسی خارجی سینسر کے ذریعہ اپنے مادی کام کو آسان بناتا ہے (ڈاکٹر فریدہ خانم)۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 2025 All issues

Printed page