جمعہ کا دن
الرسالہ، مئی ۲۰۲۵، صفحہ ۳۳
جمعہ کا دن
جمعہ کا دن اسلام میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہ دن اسلام میں اجتماعی عبادت کا دن ہے۔ اس اجتماعی عبادت سے کئی مثبت پہلو وابستہ ہیں۔ مثلاً: (1) صفائی ستھرائی ، اس دن ہر مسلمان صفائی ستھرائی کا زیادہ اہتمام کرتا ہے۔ (2) وقت کی پابندی ، کیوں کہ صبح سے ہی اگر اپنے اوقات کو منظم نہ کیا جائے تو مقرر وقت پر مسجد پہنچنا ممکن نہ ہوگا۔ (3) سماجی بھلائی ، لوگ جب اپنے گھروں اور دفتروں سے نکل کر مسجد آتے ہیں تو راستہ میں وہ غریبوں اور محتاجوں کی مدد بھی کرتے ہیں۔ اسی کے ساتھ جمعہ کی نماز اجتماعی اوصاف کی تربیت کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ اس دن تمام لوگ صفیں باندھ کر کھڑے ہوتے ہیں۔ ایک امام کی پیروی میں نماز کے ارکان ادا کرتے ہیں۔ خاموش ہو کر خطبہ سنتے ہیں۔ یہ چیزیں ایک اعتبار سے عبادتی افعال ہیں۔ دوسرے اعتبار سے وہ اجتماعی اوصاف پیدا کرنے کی تربیت ہیں۔ وہ پوری قوم میں اتحاد اور اتفاق پیدا کرنے کا ذریعہ ہے۔ اس کی وجہ سے انفرادی زندگی وسیع ہو کر اجتماعی زندگی میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
جمعہ کا دن پورے ہفتے کے لیے ایک خصوصی تربیت کا دن ہے۔ جو خصوصیات جمعہ کے دن کی ہیں، اسلام یہ چاہتا ہے کہ اہل ایمان انہیں عام دنوں میں بھی مزید اضافہ کے ساتھ اختیار کریں۔ اس دن ہر آدمی کو صاف ستھرا رہنے کا سبق دیا جاتا ہے۔ لوگوں کا خیر خواہ بن کر رہنا سکھایا جاتا ہے۔ اس دن نظم و ضبط کی تربیت دی جاتی ہے۔ اللہ کے ذکر سے آشنا کرایا جاتا ہے۔ اتحاد اور اجتماعیت کی مشق کرائی جاتی ہے۔ دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کی صلاحیت ابھاری جاتی ہے، وغیرہ۔ قرآن میں کہا گیا ہے کہ جب نماز کے لیے لوگ مسجد میں جمع ہوں تو اس وقت کسی غیر متعلق مشغولیت کی طرف دھیان نہیں جانا چاہیے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں ایک بار نماز کے دوران کچھ لوگ خرید و فروخت جیسے کاموں میں مشغول ہو گئے تو قرآن میں اس کے خلاف سختی کے ساتھ تنبیہ کی گئی ، اور کہا گیا کہ نماز کے دوران ہر قسم کی غیر متعلق مشغولیت سے دور رہنا چاہیے۔