Al-Risala · May 2025 · page 44

27 جون 1986

الرسالہ، مئی ۲۰۲۵، صفحہ ۴۴

متعلق ہیں۔ قصہ یہ ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو معلوم ہوا کہ قریش مکہ آپ سے لڑنے کے لئے آ رہے ہیں تو آپ نے اپنے ساتھیوں سے مشورہ کیا۔ صحابہ کی جماعت کی رائے یہ ہوئی کہ مدینہ سے باہر نکل کر ان کا مقابلہ کیا جائے۔ مگر عبد اللہ بن ابی کی رائے شدت سے یہ تھی کہ ہم لوگ مدینہ میں لڑیں۔ جب قریش کا لشکر یہاں تک پہنچ جائے تو ہم اپنے گھروں کی آڑ لے کر ان کا مقابلہ کریں۔ مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عبد اللہ بن ابی کی رائے کے خلاف دوسرے صحابہ کی رائے پر عمل کیا اور آگے بڑھ کر احد کے مقام پر دشمن کی فوج کا مقابلہ کیا۔ جیسا کہ معلوم ہے کہ اس جنگ میں مسلمانوں کو شکست ہوئی۔

جنگ کے بعد عبد اللہ بن ابی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ پیغمبر نے ہماری رائے نہیں مانی اس لیے شکست ہوئی۔ اگر پیغمبر ہماری بات مان لیتے تو ہم اپنی بستی میں رہ کر مقابلہ کرتے اور ایسا نہ ہوتا کہ باہر احد کی وادی میں ہمارے نوجوان قتل کر دیے جائیں۔ اس کا جواب دیتے ہوئے قرآن میں کہا گیا کہ جو کچھ ہوتا ہے سب خدا کے حکم سے ہوتا ہے۔ اگر تم اپنے گھروں میں ہوتے اور تم پر موت لکھی ہوئی ہوتی تو جہاں تم تھے وہیں مارے جاتے :

قُلْ إِنَّ الْأَمْرَ كُلَّهُ لِلَّهِ ۖ يُخْفُونَ فِي أَنْفُسِهِِمْ مَا لَا يُبْدُونَ لَكَ ۖ يَقُولُونَ لَوْ كَانَ لَنَا مِنَ الْأَمْرِ شَيْءٌ مَا قُتِلْنَا هَاهُنَا ۗ قُلْ لَوْ كُنْتُمْ فِي بُيُوتِكُمْ لَبَرَزَ الَّذِينَ كُتِبَ عَلَيْهِمُ الْقَتْلُ إِلَىٰ مَضَاجِعِهِمْ (3:154) ۔ یعنی، کہو، سارا معاملہ اللہ کے اختیار میں ہے۔ وہ اپنے دلوں میں ایسی بات چھپائے ہوئے ہیں جو وہ تم پر ظاہر نہیں کرتے۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر اس معاملہ میں کچھ ہمارا بھی دخل ہوتا تو ہم یہاں نہ مارے جاتے۔ کہو، اگر تم اپنے گھروں میں ہوتے تب بھی جن کا قتل ہونا لکھ دیا گیا تھا، وہ اپنی قتل گاہوں کی طرف نکل پڑتے۔ میں مذکورہ ساتھی کی عزت کرتا ہوں اور دل سے ان کے اخلاص کا قائل ہوں۔ مگر میری سوچ میں اور ان کی سوچ میں بہت زیادہ فرق ہے۔

مرکز کی ایک عمارت کے واقعہ پر ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کو اس معاملہ میں شریک مشورہ کیا جاتا تو وہاں کی بلڈنگ کے ساتھ یہ حادثہ پیش نہ آتا۔ جب کہ میری سوچ یہ ہے کہ اس معاملہ میں مجھے اس لیے نقصان اٹھانا پڑا کہ مجھے علم غیب حاصل نہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 2025 All issues

Printed page