Al-Risala · July 2025 · page 31

خیر کا راستہ

الرسالہ، جولائی ۲۰۲۵، صفحہ ۳۱

یعنی ایک انسان اگر حق پر رہتے ہوئے بھی اپنے ایگو (ego) کو کنٹرول کر کے جھگڑے کے موقع پر خاموشی کا طریقہ اختیار کرلے تو اس کو جنتی گھر ملنے کے علاوہ ایک اور گھر بھی ملے گا، یہ گھر صرف اس جنتی کے اعزاز و اکرام میں اضافہ کے لیے ہوگا ، نہ کہ دنیا کی مانند ریگولر گھر میں بورڈم (boredom) کا شکار ہونے کے بعد ریلیکس (relax) ہونے کے لیے۔

ان دونوں حدیثوں میں بحث و تکرار کو ڈسکرج (discourage) کرنے سے مراد وہ بحث اور تکرار ہے جو منفی یا بے نتیجہ بحث ہو۔ موجودہ دور میں ایسے علما اور مقررین کی کثرت ہو گئی ہے جو اپنی تحریر اور تقریر سے سماج میں نفرت پیدا کرتے ہیں۔ ان کی باتوں سے عام لوگ اسلام کے بارے میں کنفیوزن میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ آپس میں نفرت پیدا ہوجاتی ہے مثلاً مناظرہ بازی، یا کفر و ضلالت کا حکم لگانا، یا حق کے نام پر دو یا زیادہ عالموں کا بذریعہ دلائل ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرنا، وغیرہ۔ سوشل میڈیا سے پہلے اس کا نمونہ عام طور پر مناظرہ کے اسٹیجوں پر دیکھنے کو ملتا تھا، یا فتووں میں۔ آج کل اس کا نمونہ عام طور پر جلسوں میں دیکھنے کو ملتا ہے یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر۔ یہ تمام کام بظاہر دین کے نام پر کیے جاتے ہیں، مگر وہ اپنے نتیجہ کے اعتبار سے عام لوگوں کے لیے دین سے دوری کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے کسی بھی رسول کو اس لیے نہیں بھیجا کہ وہ انسانوں کو خدا کے دین کے تعلق سے کنفیوزن میں مبتلا کرے، یا ان کا کوئی عمل خدا کے دین کی بدنامی کا ذریعہ بن جائے۔ اس لیے موجودہ دور میں جاری اس قسم کی کج بحثیاں ابلیس کو خوش کرنے کا ذریعہ تو بن سکتی ہیں، مگر وہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک پسندیدہ عمل نہیں ہو سکتیں۔ انبیا کا وارث ہونے کی حیثیت سے ایک عالم دین کو کیسا ہونا چاہیے، وہ قرآن کی ایک آیت اور اس کی تفسیر سے سمجھا جاسکتا ہے۔ قرآن میں ہے: ﴿وَجَعَلَنِي مُبَارَكًا أَيْنَ مَا كُنْتُ﴾ (31: یعنی، حضرت عیسیٰ نے کہا کہ میں جہاں کہیں بھی رہوں اللہ تعالیٰ نے مجھ کو برکت والا بنایا ہے ۔ مجاہد تابعی نے بابرکت کی تشریح خیر کا معلم (مُعَلِّمًا لِلْخَيْرِ) سے کی ہے (العلم لابی خیثمہ زُہیر بن حرب 30)۔ انطباقی معنی (applied meaning) کے اعتبار سے اس کا مطلب یہ ہے کہ حقیقی عالم دین وہ ہے جو سماج میں خیر اور بھائی چارہ اور امید اور یقین کا داعی بن کر رہے، نہ کہ شر اور نفرت اور شک اور کنفیوزن کا تاجر بن کر۔ (مولانا فرہاد احمد)

‹ Previous page Next page › Contents of July 2025 All issues

Printed page