Al-Risala · January 2026 · page 38

دس اسلامی اصول

الرسالہ، جنوری ۲۰۲۶، صفحہ ۳۸

آج جولائی 1986 کی 19 تاریخ ہے۔ اور صبح 4 بجے کا وقت۔ میں ابھی تذکیر القرآن کا آخری صفحہ (تفسیر سورۃ الناس) لکھ کر فارغ ہوا ہوں۔ تذکیر القرآن لکھنے کا کام 1979 کے وسط میں شروع ہوا تھا اور اس کی پہلی قسط ماہنامہ الرسالہ اگست 1979 میں شائع ہوئی تھی۔ آج 19 جولائی 1986 کو اس کی تحریر کا کام آخری طور پر مکمل ہوا۔ اس طرح اس کے لکھنے میں پورے سات سال لگ گئے ۔ آج صبح 3 بجے اٹھ کر میں تذکیر القرآن ( سورۃ الناس ) لکھنے بیٹھ گیا۔ اس کی آخری سطریں عین اس وقت پوری ہوئیں جب کہ نظام الدین کی مسجد سے فجر کی اذان کی آواز آ رہی تھی۔ تذکیر القرآن کی تکمیل مجھے ایک خدائی معاملہ نظر آتی ہے۔ یہ میرے لیے اتنا زیادہ مشکل کام تھا کہ اس کا ہر صفحہ لکھنے کے بعد مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اب میں اس کا اگلا صفحہ نہ لکھ سکوں گا۔ یہی صورت اس کی کتابت کے سلسلہ میں پیش آئی۔ دوسری جلد کی کتابت مجاہد قاسمی صاحب کر رہے تھے۔ وہ چونکہ روزنامہ قومی آواز میں ملازم ہیں، وہ تذکیر القرآن کی کتابت کا کام صرف جزئی طور پر کر پاتے تھے۔ اس لیے اس کی کتابت کا کام بہت سست رفتاری کے ساتھ چل رہا تھا۔ مگر کچھ ماہ پہلے اخبار قومی آواز میں ہڑتال ہو گئی اور وہ ابھی تک جاری ہے۔ اس بنا پر مجاہد قاسمی صاحب کے اوقات خالی ہو گئے اور وہ اپنا پورا وقت دے کر تذکیر القرآن کی کتابت کرنے لگے۔ اس مدت میں انہوں نے مسلسل کتابت کر کے تذکیر القرآن کی کتابت مکمل کر دی ۔ اب جب کہ تذکیر القرآن کا تحریری کام پورا ہو گیا ہے اس کی کتابت کا کام بھی آخری مرحلے میں ہے۔ ان شاء اللہ جلد ہی اس کی دوسری جلد چھپ جائے گی۔

اس سلسلہ میں ایک اور بات اس سے بھی زیادہ عجیب ہے۔

1 فروری 1963 کو جب کہ میں اعظم گڑھ میں تھا، میں نے ایک خواب دیکھا۔ اٹھا تو پورا خواب یاد نہیں رہ گیا تھا۔ صرف خواب کا ایک جزء ” 19 جولائی“ ذہن میں باقی تھا۔ بیداری کے بعد مجھے یاد نہ رہا کہ یہ کس بات کی تاریخ ہے۔ صرف اتنا یاد تھا کہ میں نے خواب میں 19 جولائی کی تاریخ دیکھی ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 2026 All issues

Printed page