Al-Risala · March 2026 · page 10

کامیاب شادی کا راز ایڈ جسٹمنٹ

الرسالہ، مارچ ۲۰۲۶، صفحہ ۱۰

کامیاب شادی کا راز ایڈ جسٹمنٹ

یورپ کے ایک نو جوان ڈاکٹر سے گفتگو ہوئی ۔ میں نے پوچھا کہ آپ کے یہاں تقریباً صد فی صد لو میریج ہوتی ہے ۔ پھر کیا وجہ ہے کہ بیشتر شادیاں تفریق پر ختم ہو جاتی ہیں ۔ اور اس کے بعد دونوں اکیلے زندگی گزارتے ہیں ۔ انھوں نے مختلف وجہیں بیان کیں۔ مثلاً یہ کہ حقیقت میں وہ محبت نہیں ہوتی۔ بلکہ سطحی کشش سے قریب ہو کر دونوں شادی کر لیتے ہیں ، وغیرہ۔

میں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ مرد فطری طور پر غلبہ کا رجحان رکھتا ہے۔ شادی کے بعد ابتدائی کچھ دنوں تک اس کا یہ رجحان دبا رہتا ہے ۔ مگر جلد ہی یہ رجحان ظاہر ہونے لگتا ہے ۔ اب شوہر چاہتا ہے کہ وہ گھر میں غالب ممبر کی حیثیت سے رہے۔ دوسری طرف عورت فیمنسٹ تحریکوں کے زیر اثر ( نہ کہ فطرت کے زیر اثر) صنفی مساوات (gender equality) کے نظریہ کے مطابق رہنا چاہتی ہے ۔ اس کے نتیجہ میں ٹکراؤ شروع ہوتا ہے جو بالآخر تفریق اور طلاق پر ختم ہوتا ہے ۔ انھوں نے میرے نقطۂ نظر سے کامل اتفاق کیا۔

پھر میں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دوسری قابل لحاظ بات یہ ہے کہ شادی سے پہلے جب ایک نو جوان کسی لڑکی کو پسند کرتا ہے تو ابتدائی تاثر کے تحت وہ سمجھتا ہے کہ یہ میرے لیے پرفیکٹ عورت ہے ۔ مگر اس دنیا میں کوئی چیز پرفیکٹ نہیں۔ اور اسی طرح کوئی عورت یا مرد پرفیکٹ نہیں۔ جلد ہی مرد کے اوپر یہ حقیقت کھل جاتی ہے ۔ اب وہ اپنی پسندیدہ خاتون کو کم تر سمجھ کر اس سے بے رغبت ہونے لگتا ہے ۔ یہاں تک کہ دونوں ایک دوسرے سے دور ہو جاتے ہیں۔

اس مسئلہ کا حل طلاق یا دوسرا نکاح نہیں ہے ۔ بلکہ اس کا حل یہ ہے کہ آپ یہ جانیں کہ اس دنیا میں کوئی بھی چیز آئیڈیل یا پرفیکٹ نہیں۔ یہاں ہر معاملہ میں ہمیں غیر آئیڈیل یا غیر پرفیکٹ کے ساتھ ایڈ جسٹ کرتے ہوئے زندگی گزارنا ہے۔ گویا کامیاب ازدواجی زندگی کا راز ایڈ جسٹمنٹ میں ہے ، نہ کہ ناکام طور پر کامل پارٹنر کو تلاش کرنا ، جو کبھی ملنے والا نہیں۔ انھوں نے میری اس بات سے بھی مکمل اتفاق کیا۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 2026 All issues

Printed page