Al-Risala · August 1995 · page 86

الم تك معقلا للدين صعبا فذلله كما شاء المتبدير

الرسالہ، اگست ۱۹۹۵، صفحہ ۸۶

بنایا گیا ہے۔ یہ موجودہ یورپ کا سب سے بڑا اسلامک سنٹر ہے۔ اس کی تعمیر پر ۲۰ ملین ڈالر خرچ ہوئے۔ وہ ۲۰ ہزار اسکوائر میٹر رقبہ میں واقع ہے ۔

قدرتی طور پر میری خواہش تھی کہ میں میڈرڈ کے اس اسلامی مرکز میں جاؤں اور اس کی مسجد میں دو رکعت نماز پڑھوں۔ مگر چاہنے کے باوجود میں وہاں جا نہ سکا ۔ یکم دسمبر کو میڈرڈ سے روانگی کا دن تھا۔ مجھ کو اور کئی دوسرے لوگوں کو صبح کے وقت ائیرپورٹ جانا تھا۔ منتظمین کانفرنس نے ہمارے لیے مشترک سواری کا انتظام کیا تھا۔ مگر میں مشترک سواری میں نہیں بیٹھا۔ اس کے بجائے میں نے یہ کیا کہ کچھ سویرے میں نے ہوٹل چھوڑ دیا اور ایک ٹیکسی لے کر روانہ ہوا۔ ٹیکسی والے سے میں نے کہا کہ تم مجھ کو سیدھے ائیرپورٹ نہ لے جاؤ۔ بلکہ اسلامک سنٹر کی طرف سے گزارتے ہوئے ائیرپورٹ لے چلو۔ اس نے ایسا ہی کیا۔ میڈرڈ کے مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے آخر کار میں وہاں پہنچا۔ جہاں خوب صورت اور عالی شان اسلامی مرکز اسپین کی سر زمین پر کھڑا ہوا ہے۔ اس کو دیکھ کر میرا عجیب احساس ہوا۔ میں نے سوچا کہ ہندوستان میں کچھ مسلم دانشور مسلمانوں کو ڈرا رہے ہیں کہ تمہارے دشمن ہندوستان کو تمہارے لیے دوسرا اسپین بنانا چاہتے ہیں۔ اس کے بجائے ان مسلم دانشوروں کو یہ کہنا چاہیے کہ اے مسلمانو! مطمئن رہو۔ جس دنیا میں پہلا اسپین بھی نہ بن سکا وہاں دوسرا اسپین آخر کیسے بنے گا۔

میڈرڈ کے اسلامی مرکز کے ڈائرکٹر اس وقت ڈاکٹر عبدالعزیز السرحان ہیں ۔ انھوں نے رابطہ عالم اسلامی کے تعاون سے ۹۶-۱۹۹۵ کے لیے ایک دو سالہ منصوبہ بنایا ہے ۔ اس دوران اساتذہ کی تربیت، عربی زبان کی تعلیم، اسلامی مسیحی ڈائیلاگ وغیرہ پر پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اکتوبر ۱۹۹۹ میں امام ابن حزم کی یاد میں ایک بڑی کانفرنس کی جائے گی۔ میڈرڈ کے اس اسلامک سنٹر کا افتتاح ۲۴ ربیع الاول ۱۳۱۴ھ (ستمبر ۱۹۹۱ء) میں ہوا۔ اسپین کے بادشاہ جان کارلوز (King Juan Carlos) نے اس کا افتتاح کیا۔ اس افتتاحی تقریب کی تصویر رپورٹ المجلة (۱۳ اکتوبر ۱۹۹۲ء) میں چھپی تھی ۔ المجلہ نے اس کا عنوان ان الفاظ میں قائم کیا تھا کہ اسلام کا منارہ اذان پانچ سو سال کے بعد پھر اسپین میں واپس آتا ہے (المئذنة الاسلامية تعود الي اسبانيا بعد ٥٠٠ عام)

‹ Previous page Next page › Contents of August 1995 All issues

Printed page