Al-Risala · September 2000 · page 32

علم کا چشمہ رواں

الرسالہ، ستمبر ۲۰۰۰، صفحہ ۳۲

بعد کو انہوں نے علی گڑھ میں داخلہ لیا اور وہاں سے ایم اے ایل ایل بی کی ڈگری لی۔ اور اعظم گڑھ میں وکالت کرنے لگے۔ اس کے بعد وہ مسٹر‘ ہو گئے اور ’صاحب‘ کہے جانے لگے۔ تاہم جہاں تک ان کے ساتھ میرے علمی استفادہ کا تعلق ہے وہ آخر عمر تک جاری رہا۔ مولانا اقبال احمد سہیل مرحوم کے ساتھ میرا یہ تعلیمی استفادہ اس قدیم دور کی یاد دلاتا ہے جب کہ ہر صاحب علم اپنی ذات میں ایک درس گاہ ہوتا تھا۔ زمانہ قدیم کے اکثر علماء اسی قسم کی انفرادی درس گاہوں میں تعلیم پا کر علم کے بڑے مرتبہ تک پہنچے۔ میرے بزرگ چچا صوفی عبد المجید خاں صاحب کو یہ شوق تھا کہ خاندان میں ایک ایسا شخص ہو جو مدرسہ کی تعلیم و تربیت حاصل کرے اور وہ باقاعدہ عالم ہو۔ چنانچہ انہوں نے ۱۹۳۸ میں اپنے صرف پر ایک مططلع طالب علم کی حیثیت سے میرا داخلہ مدرسہ الاصلاح (سرائے میر، اعظم گڑھ) میں کر لیا اور اپنی ذاتی نگرانی میں میری تعلیم کی تکمیل کرائی۔ مدرسی انداز پر میری رسمی تعلیم اسی ادارہ میں ہوئی۔ مدرسہ الاصلاح کی باقاعدہ تعلیم کے دوران جن اساتذہ سے مجھے علمی استفادہ کا موقع ملا، ان میں سے کچھ کا ذکر اس کتاب کے دوسرے صفحات میں موجود ہے۔

مدرسۃ الاصلاح کی تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد میرے اوپر ایک لمبا دور ایسا گزرا ہے جب کہ میں کتب خانوں میں گم رہا۔ مثلاً دار المصنفین اعظم گڑھ کا کتب خانہ اور اسی طرح دوسرے بہت سے کتب خانے اور لائبریریاں۔ اس دوران میں نے قرآن و حدیث اور سیرت اور دوسرے اسلامی علوم کو از سر نو زیادہ تفصیل کے ساتھ پڑھا۔ اعظم گڑھ کے زمانہ قیام میں اسی کے ساتھ مختلف علماء سے انفرادی کسب فیض کا سلسلہ بھی برابر جاری رہا۔ مثلاً شاہ معین الدین احمد ندوی، مولانا اقبال احمد سہیل وغیرہ (ملاحظہ ہو ”مولانا سہیل“ مطبوعہ مضامین رشید، از پروفیسر رشید احمد صدیقی) میں ۱۹۵۶ میں جماعت اسلامی ہند کے مرکزی شعبۂ تصنیف سے وابستہ ہوا۔ اس وقت جماعت اسلامی ہند کا مرکزی دفتر اور اس کا شعبہ تصنیف و تالیف دونوں رام پور (یوپی) میں تھے۔ یہاں کے زمانہ قیام میں مولانا جلیل احسن ندوی (وفات ۱۹۸۱) میرے عربی کے استاد بنے رہے۔ مولانا مرحوم کو ادب عربی پر غیر معمولی عبور حاصل تھا۔ ان سے میرا تعلیمی استفادہ مسلسل جاری رہا۔ اس زمانہ میں رام پور میں ایک جید عالم مولانا عبد الوہاب صاحب رہتے تھے۔ ان سے بھی مجھے بار بار علمی استفادہ کا موقع ملا۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 2000 All issues

Printed page