Al-Risala · September 2000 · page 63

تجربات کی روشنی میں

الرسالہ، ستمبر ۲۰۰۰، صفحہ ۶۳

مدرسہ کا یہ واقعہ میرے لئے اتنا مؤثر ثابت ہوا کہ یہ میرا عمومی مزاج بن گیا کہ میں ہر معاملہ میں اپنی نادانیت کو جانوں، تا کہ میں اس کو واقفیت بنا سکوں۔ علمی تلاش کا یہ جذبہ مجھے ابتداء مدرسہ سے ملا تھا۔ بعد کو میں نے اس موضوع پر مغربی مصنفین کی کچھ کتابیں پڑھیں، مثلاً اسپرت آف انکوائری (spirit of inquiry)۔ ان سے معلوم ہوا کہ تجسس کا یہی جذبہ تمام علمی ترقیوں کی اصل بنیاد ہے۔ اس کی ایک مشہور مثال یہ ہے کہ ہزاروں لوگوں نے سیب کو درخت سے گرتے ہوئے دیکھا تھا۔ مگر اس معاملہ میں وہ اپنے ”لاادری“ کو نہیں جانتے تھے، اس لئے وہ اس حقیقت سے بے خبر رہے۔ نیوٹن پہلا شخص ہے جس نے اس معاملہ میں اپنے لاادری کو جانا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وہ اس معاملہ میں ”ادری“ کے درجہ تک پہنچ گیا۔

۲- مدرسہ کے نصاب کے تحت میں نے شعر و ادب پر جو کتابیں پڑھیں ان میں سے ایک دیوان الحماسہ ہے۔ یہ کتاب میں نے مولانا اختر احسن اصلاحی (وفات ۱۹۸۵ء) سے پڑھی۔ مولانا مرحوم کو کلام جاہلیت پر غیر معمولی عبور حاصل تھا۔ دیوان الحماسہ عرب جاہلیت کے شعراء کے کلام کا انتخاب ہے جس کو ابو تمام (وفات ۸۲۵ء) نے تیار کیا تھا۔ طالب علمی کے زمانہ میں مجھے اس دیوان کے بہت سے اشعار یاد ہو گئے تھے۔ ان میں سے بعض اشعار ایسے ہیں جن کا میری زندگی پر گہرا اثر پڑا۔ اس کا ایک شعر یہ ہے: اذا المرء اعيته المروزة ناشئاً فمطلبها كهلاً عليه شديد جب آدمی جوانی کی عمر میں مردانگی کی صفات حاصل کرنے میں عاجز رہ جائے تو ادھیڑ عمر میں اس کو پانا اس کے لئے بہت مشکل ہے۔

اس عربی شعر کی جو تشریح استاد محترم نے کی اس سے میں نے زندگی کی اس حقیقت کو سمجھا کہ کام کرنے کی بہترین عمر جوانی کی عمر ہوتی ہے۔ جو آدمی جوانی کی عمر کو استعمال نہ کر سکے وہ زیادہ عمر کو پہنچنے کے بعد کوئی بڑا کام نہیں کر سکتا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ طالب علمی کے زمانہ ہی سے میرا یہ مزاج بن گیا کہ میں اپنے وقت کا کوئی حصہ ضائع نہیں کرتا تھا۔ رات دن کے ہر لمحہ کو میں مفید طور پر استعمال کرنے لگا۔ ابتدائی عمر سے عمل کا یہ مزاج بن جانا میرے لئے بے حد کار آمد ثابت ہوا۔ اگر میں جوانی کی عمر کو غیر ضروری چیزوں میں کھو دیتا تو بعد کو میرے ساتھ وہی المیہ پیش آتا جس کو مسٹر رشید کوثر فاروقی ایم اے

‹ Previous page Next page › Contents of September 2000 All issues

Printed page