تاریخ دعوت حق
الرسالہ، مارچ ۲۰۰۱، صفحہ ۲۸
حاصل ہو گئی۔ اپنا تجربہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دین کے کام میں اللہ کی مدد ضرور آتی ہے مگر وہ اس وقت آتی ہے جب کہ آدمی کے اوپر سو میں سے ننانوے مرحلے گزر چکے ہوں۔ اللہ کی مدد سوویں مرحلہ پر آتی ہے، اس سے پہلے نہیں۔
۳ نومبر کی صبح کو ہم لوگ ڈاکٹر اے رحمن ماڈل اکیڈمی دیکھنے کے لئے گئے۔ مسٹر سہیل اختر اس کے پرنسپل ہیں۔ وسیع اور شاداب کیمپس میں ایک خوبصورت زیر تعمیر مسجد ابھر رہی ہے جو میرے جیسے آدمی کے لئے خاص طور پر جاذب نظر ہے۔ اس رحمن اکیڈمی اسکول کی ایک خاص صفت یہ ہے کہ یہاں ہندو مسلم کی کوئی تفریق نہیں۔ یہاں مسلم بچوں کے ساتھ ہندو بچے بھی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ مزید یہ کہ اس اسکول میں اردو زبان لازمی ہے اور ہندو بچے بھی شوق کے ساتھ اردو پڑھتے ہیں۔ ان کے والدین اس پر نہایت خوش ہیں۔ یہاں پڑھنے والے ہندو بچوں کی تعداد اس وقت تقریباً پچاس ہے۔ میں نے کہا کہ آپ کا یہ تعلیمی ادارہ وہ کام کر رہا ہے جو قومی یکجہتی (نیشنل انٹیگریشن) کے معاملہ میں بہت اہم ہے۔ یعنی مشترک زبان۔ جس ملک کی قومی زبان ایک ہو، وہاں قومی یکجہتی اپنے آپ قائم ہو جاتی ہے، جیسے جاپان۔ جاپانیوں کی زبان ایک ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ جاپان میں کسی مزید کوشش کے بغیر قومی یکجہتی اپنے آپ قائم ہے۔
ڈاکٹر اے رحمن اس تعلیمی اکیڈمی کے فاؤنڈر ہیں۔ ۲ نومبر کی شام کو یہاں ایک جلسہ ہوا جس میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ میں نے اپنی تقریر میں بتایا کہ قرآن وحدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ دنیا کا نظام اللہ نے اس طرح بنایا ہے کہ ایک عسر پیدا ہوتا ہے تو عین اسی وقت دویسر سامنے آجاتے ہیں۔ اگر ایک مسئلہ پیدا ہو تا ہے تو دگنا تعداد میں اس کے حل کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ اس حقیقت کو حدیث میں اس طرح بیان کیا گیا ہے: لن يغلب عسر يسرين۔
اس حدیث میں جو بات کہی گئی ہے وہ کوئی پراسرار بات نہیں، وہ فطرت کا ایک قانون ہے۔ ہر آدمی اپنے ذاتی تجربہ سے اس کو سمجھ سکتا ہے۔ اگر آپ راستہ چل رہے ہوں اور کوئی خطرہ پیش آجائے تو آپ دگنا طاقت سے دوڑنے لگتے ہیں۔ اگر آپ کو کوئی مسئلہ پیش آجائے تو آپ دگنا محنت کرنے لگتے ہیں تاکہ زیادہ محنت کے ذریعہ اپنے مسئلہ کو حل کر سکیں۔ یہ معاملہ فرد کے ساتھ بھی پیش آتا ہے اور قوم کے ساتھ بھی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب کوئی مشکل سامنے آتی ہے تو آدمی کا دماغ زیادہ متحرک ہو جاتا ہے۔ اس کی چھپی ہوئی قوتیں بیدار ہو جاتی ہیں۔ وہ اپنی عام طاقت سے زیادہ عمل کر کے ایک غیر معمولی انسان بن جاتا ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 2001 All issues